الجزائری فٹ بال ٹیم بونس رقم اہل غزہ کو عطیہ کرے گی

الجزائر، 4جولائی (پی ایس آئی) برازیل میں ہونے والے فیفا عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی الجزائر کی ٹیم نے بونس میں ملنے والی رقم کو اسرائیلی فوج کے محاصرے کا شکار اہل غزہ کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عالمی کپ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں روس کے خلاف میچ میں گول اسکور کرکے الجزائر کو فتح دلانے والے کھلاڑی اسلام سلیمانی نے ایک بیان میں کہا کہ ’’غزہ کے محصور فلسطینی ہم سے زیادہ اس رقم کے حقدار ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ الجزائر واحد عرب ملک ہے جس کی ٹیم نے برازیل میں ہونے والے فٹ بال عالمی کپ کے لئے کوالیفائی کیا تھا اور وہ پہلی مرتبہ ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچی تھی۔ الجزائری ٹیم کو جرمنی کے خلاف اہم میچ میں اضافی وقت میں ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا۔ لیکن اس شکست کے باوجود بہت سے مبصرین نے الجزائری کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ الجزائری ٹیم نے مقررہ وقت میں جرمن ٹیم کا سخت مقابلہ کیا تھا حالانکہ بہت سے الجزائری کھلاڑی روزے سے تھے مگر میچ کے بعد ان کا کہنا تھا کہ روزہ ان کی شکست کا سبب نہیں بنا تھا ۔ الجزائری ٹیم بدھ کو برازیل سے وطن واپسی پہنچی تھی اور کھلاڑیوں کا ہیرو کی طور پر زبردست استقبال کیا گیا ہے۔ ان کے خیر مقدم کے لئے وزیر اعظم عبد المالک سلال خود ہوائی اڈّے پر موجود تھے۔ انہوں نے خاص طور پر ٹیم کے بوسنیا سے تعلق رکھنے والے کوچ واحد حلیل ہوزچ کو ان کی شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

You may also like

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *