مدارس میں بھی بی جے پی چلائے گی رکنیت سازی مہم

لکھنؤ (نامہ نگار) فرقہ پرست شبیہ کے الزامات سے باہر نکلنے کی کوششوں میں مصروف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اپنی رکنیت سازی مہم کے تحت اب مدارس سے بھی اپنے نئے ممبران بنائے گی۔ اتر پردیش میں پارٹی کی ڈیجیٹل رکنیت سازی مہم ۱۱ نومبر سے شروع ہو رہی ہے۔ اس کا آغاز یہاں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کریں گے۔ پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری اور رکنیت سازی مہم کے انچارج سوتنتر دیو سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ پارٹی مسلمانوں کو بھی اپنے ساتھ جوڑنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور اس کی ذمہ داری پارٹی کے اقلیتی مورچہ کو سونپی گئی ہے۔ مسٹر دیو سنگھ نے بتایا کہ اقلیتی مورچہ کے عہدیداران آئندہ ۲۰ نومبر سے تین دنوں تک مسلم بستیوں اور مدرسوں میں جاکر ڈیجیٹل رکنیت سازی مہم کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار ڈیڑھ کروڑ نئے اراکین بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس وقت اترپردیش میں پارٹی کے ممبران کی تعداد تیس لاکھ ہے۔
مسٹر سوتنتر دیو سنگھ نے بتایا کہ بھارتیہ جنتا یو ا مورچہ ۲۵ سے ۳۰ نومبر تک تعلیمی اداروں، شاپنگ مال، سنیما ہالوں، ہوٹلوں اور ریستورانوں میں جاکر نوجوانوں کو اپنا رکن بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قانون سیل، حقوق انسانی سیل اور آر ٹی آئی سیل ۱۹ نومبر سے تین روز تک کچہری اور تحصیلوں میں رکنیت سازی مہم چلائے گا، جبکہ خواتین اور کسان مورچہ ۲۳ سے ۲۷ نومبر تک ویمنس ہوسٹلوں ، ویمن یونیورسٹیوں ، گاؤں اور اناج منڈیوں میں جاکر لوگوں کو پارٹی سے جوڑے گا۔ انہوں
نے بتایا کہ مقامی اکائی حیاتیاتی توانائی، سماجی انصاف، پی پی ایل سیل اور نیپال سیل ۲۷ نومبر سے ۳ دسمبر تک منڈیوں ، ہاٹ بازاروں، تہہ بازاری علاقوں، ہفتہ واری بازاروں، چینی ملوں اور دوسرے مشہور بازاروں میں جاکر نئے لوگوں کو پارٹی کارکن بنائیں گے۔
(آگ10/11/14)

You may also like

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *